شارجہ۔4ستمبر (اے پی پی):شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے بدھ کو بین الاقوامی حکومتی مواصلاتی فورم ( آئی جی سی ایف ) کے 13 ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا ۔یو اے ای کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس موقع پر شارجہ کے نائب حکمران شیخ عبداللہ بن سالم بن سلطان القاسمی اور شارجہ کے نائب حکمران اور شارجہ میڈیا کونسل کے چیئرمین شیخ سلطان بن احمد بن سلطان القاسمی بھی موجود تھے۔
اس سال کے فورم کا موضوع ’’تیز رفتار حکومتیں۔ جدیدمواصلات‘‘ہے۔یہ دو روزہ فورم 18 متنوع پلیٹ فارمز پر 250 سے زیادہ تجربہ کار اور ماہر مقررین کی میزبانی کرے گا۔ یہ مقررین اپنے وژن، تجربات اور مہارت کو شیئر کریں گے، جس کا مقصد سفارشات اور اقدامات تیار کرنا ہے۔اس فورم کا ہدف ممالک کو مواصلات کے میدان میں مستقبل کی حکمت عملیوں اور طریقوں کو اپنانے میں مدد کرنا ہے، بالآخر پائیدار اور جامع ترقی کے حصول میں ان کے کردار کو بڑھانا ہے۔