شارجہ۔27جولائی (اے پی پی):شارجہ پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث عرب ملک سے تعلق رکھنے والے 4 رکنی گروہ کو انتہائی مختصر وقت میں گرفتار کر لیا ہے۔ الامارات الیوم اخبار کے مطابق شارجہ پولیس کو اطلاع ملی کہ نجی کمپنی کے ایک ایشیائی ملازم کو لوٹ لیا گیا ہے جو کمپنی کے 1،840 لیپ ٹاپ لے کر جا رہا تھا۔
متاثرہ ملازم نے پولیس کو بتایا کہ صنعتی علاقے سے گزرتے ہوئے اسے 4 افراد نے روکا جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے اور گاڑی کی تلاشی لینے کے لیے کہا اور اسے زد وکوب کرنے کے بعد گاڑی میں رکھے تمام لیپ ٹاپ لے کر فرار ہو گئے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔ مختلف ممکنہ شاہراہوں پر پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ واردات کے 48 گھنٹوں کے اندر چاروں ملزمان کو حراست میں لے کر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔شارجہ پولیس نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کرنل عبدالرحمان الشامسی نے بتایا کہ مدعی کے بیان کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی ممکنہ شناخت حاصل کی گئی اور علاقے کی تمام پیٹرولنگ پارٹی کو دے دیا گیا ہے۔