شام میں اسرائیلی فضائی حملے، 4 افراد شہید، عبوری حکومت کی خلاف ورزیوں کی مذمت

79
Israeli airstrikes in Syria
Israeli airstrikes in Syria

دمشق۔26فروری (اے پی پی):اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوبی شہر الکسوہ میں فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہو گئے ۔ شنہوا کے مطابق شام میں گزشتہ رات اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت آگئی، جس میں متعدد فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

شام کی عبوری حکومت نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں شام کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق کے جنوبی شہر الکسوہ میں شامی فوج کے فرسٹ ڈویژن ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کے لیے 4فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہو گئے۔ شامی فوج کافرسٹ ڈویژن ہیڈکوارٹرز فوجی ٹینکوں اور کمانڈ یونٹس کے لیے مشہور ہے۔

علاوہ ازیں صوبہ درعا کے علاقے ازرع میں دھماکوں کی اطلاع موصول ہوئی جس میں اسرائیلی فورسز نے ایک اور اہم فوجی تنصیب بریگیڈ 112 کو نشانہ بنایا۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق مزید برآں اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرون نے شام۔لبنان کی سرحد کے قریبخاص طور پر جورود نبی شیٹ میں دمشق کے دیہی علاقے میں شامی قصبے سرغایا کے سامنے بمباری کی ۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں2نامعلوم افراد جاں بحق ہوگئے ۔شام کی عبوری حکومت نے گزشتہ روز ختم ہونے والی شامی قومی مذاکراتی کانفرنس کے آخری بیان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کا اعادہ کیا۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رکن ہدا العطاسی نے بیان پڑھا جس میں شام کی علاقائی سالمیت پر زور دیا گیا اور فوری اور غیر مشروط اسرائیلی انخلاء کا مطالبہ کیا گیا۔