شام کی سیاسی، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر مدد کریں گے، خلیج تعاون کونسل

دمشق۔31دسمبر (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ ہم شام کے مسئلے کو حل کریں گے اور سیاسی، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر شام کی مدد کریں گے ۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے شام کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں موجودہ مرحلے میں شام کی حمایت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک شام کے معاملے کو …

دمشق۔31دسمبر (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ ہم شام کے مسئلے کو حل کریں گے اور سیاسی، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر شام کی مدد کریں گے ۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے شام کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں موجودہ مرحلے میں شام کی حمایت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک شام کے معاملے کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم شام کے مسئلے کو حل کریں گے۔ سیاسی، اقتصادی اور انسانی بنیادوں پر شام کی مدد کریں گے اور خلیج تعاون کونسل کا جنرل سیکرٹریٹ دمشق کی مدد کے لئے خصوصی تجاویز کا مطالعہ کر رہا ہے جس کا اعلان ان کو حتمی شکل دینے کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے دمشق میں شامی عبوری حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ شام میں استحکام پورے خطے کا استحکام ہے۔ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نے شام کی حمایت اور شامی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ ساتھ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جی سی سی کے رکن ممالک کے موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاستیں شام میں جامع سیاسی حل، اقتدار کی پرامن منتقلی کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا ہےخلیجی ریاستیں شام میں کسی بھی غیرملکی مداخلت کو مسترد کرنے پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کو شام کی سرزمین سے فوری طور پر نکل جانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔