شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے زائرین کو خوش آمدید، اس صوفی بزرگ کی تعلیمات آج بھی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ذوالفقار علی شاہ ، سعید غنی

وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 283ویں سالانہ عرس مبارک میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات محبت، امن، رواداری اور انسانیت کا لازوال پیغام ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں ہم آہنگی، بھائی چارے …

حیدرآباد۔ 30 جولائی (اے پی پی):وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ اور وزیر بلدیات سعید غنی نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 283ویں سالانہ عرس مبارک میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات محبت، امن، رواداری اور انسانیت کا لازوال پیغام ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

دونوں وزرا نے عرس مبارک کے پہلے روز رات بھر جاری رہنے والی محفلِ موسیقی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ عرس کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور تینوں روز ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل دلجمعی کے ساتھ زائرین کی خدمت میں مصروف رہیں گے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے مزار پر حاضری اس عظیم روحانی مرکز کی قومی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہِ شاہ لطیفؒ عالمِ انسانیت کی درسگاہ ہے اور موجودہ دور میں ان کی تعلیمات ہی امن، رواداری اور معاشرتی بہتری کی ضمانت فراہم کرتی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ اس اعتبار سے خوش نصیب ہے کہ اسے ایسے عظیم صوفی بزرگوں کی نسبت حاصل ہے جن کی تعلیمات نے اس دھرتی کو محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ نے ہمیشہ انسان دوستی، اخوت اور امن کا درس دیا جسے آج کے دور میں اپنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔