یورپ کے لیے انسانی سمگلنگ میں 47 فیصد کمی آئی ہے ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی موثر حکمت عملی اور یورپی ممالک کے ساتھ اشتراکِ عمل کے نتیجے میں ایک برس کے دوران یورپ کے لیے انسانی سمگلنگ کی شرح میں 47 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس پر یورپی یونین نے بھی وزارتِ داخلہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی موثر حکمت عملی اور یورپی ممالک کے ساتھ اشتراکِ عمل کے نتیجے میں ایک برس کے دوران یورپ کے لیے انسانی سمگلنگ کی شرح میں 47 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس پر یورپی یونین نے بھی وزارتِ داخلہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔

حکومت انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تمام ادارے اس نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک سنگین بین الاقوامی جرم اور انسانیت کے خلاف ظلم ہے، اور معصوم جانوں کے استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرحدی نگرانی اور امیگریشن نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے جس کے مثبت اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کا بھرپور حصہ ہے اور اس سلسلے میں عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ ہم آج انسانی سمگلنگ کے خلاف متحد ہو کر ایک محفوظ اور باوقار معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔