صدرِ مملکت سے وفاقی وزیرِ داخلہ کی ملاقات،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے یہاں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کراچی۔30جولائی (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے یہاں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم قومی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔