مینجنگ ڈائریکٹر واسا سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ شدید بارش کے باعث واسا کا ہنگامی بنیادوں پر نکاسیٔ آب کا آپریشن جاری ہے
شدید بارش کے باعث واسا کا ہنگامی بنیادوں پر نکاسیٔ آب کا آپریشن جاری ہے ، ایم ڈی واسا سیالکوٹ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 22 جولائی (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر واسا سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ شدید بارش کے باعث واسا کا ہنگامی بنیادوں پر نکاسیٔ آب کا آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی کے لیے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا جبکہ واسا کا عملہ فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسیٔ آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پوری استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور واسا کی ٹیمیں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے کچرے اور دیگر ویسٹ کی مسلسل صفائی میں مصروف ہیں تاکہ بارش کا پانی جلد از جلد نکالا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ نکاسیٔ آب کا آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور تمام فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا کا عملہ ہائی الرٹ ہے جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں، نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ایم ڈی واسا فیصل شہزاد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شدید بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی سے بھرے جوہڑوں، تالابوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور ٹوٹے ہوئے برقی تاروں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے حتی الامکان اجتناب کریں۔








