شدید برف باری کے باوجود قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے شدید برف باری اور سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باوجود ملک بھر میں شاہراہوں کو کھلا رکھنے کا مشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ہفتہ کونیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این ایچ اے کی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیموں نے بروقت اقدامات اور جدید مشینری کے استعمال سے تمام اہم راستوں …

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے شدید برف باری اور سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باوجود ملک بھر میں شاہراہوں کو کھلا رکھنے کا مشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ہفتہ کونیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این ایچ اے کی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیموں نے بروقت اقدامات اور جدید مشینری کے استعمال سے تمام اہم راستوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا ہے تاکہ عوام کو سفر میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔​

مری اور گلیات کے علاقوں میں برف باری کے دوران سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھا گیا تاہم این ایچ اے کے عملے نے دن رات محنت کر کے مری ایکسپریس وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلا رکھا۔ شاہراہ پر برف جمنے اور پھسلن کے باعث ہونے والے حادثات کے پیش نظر مسلسل نمک پاشی کا عمل جاری رہا۔ ان اقدامات کی بدولت جہاں ایک طرف ٹریفک کی روانی برقرار رہی، وہاں دوسری طرف مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا۔

​علاقائی صورتحال کے حوالے سے ترجمان این ایچ اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کلیئر ہیں۔ بلوچستان میں این۔ 25 خوجک ٹاپ اور این۔ 50 پر کان مہترزئی سے مسلم باغ تک کا راستہ مکمل بحال کر دیا گیا ہے، جہاں اب ٹریفک کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے،​خیبر پختونخوا میں این 145 کے علاوہ تمام اہم راستوں کو ٹریفک کے لیے موزوں قرار دے دیا گیا ہے۔

چترال سے روگی تک این 145 پر فی الحال یکطرفہ ٹریفک کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کلو میٹر 31 سے 33 کے درمیان گرنے والے برفانی تودوں کو ہٹانے کے لیے کلیئرنس آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ مکارڈو سے گبور تک راستہ مکمل طور پر بحال ہے، تاہم گبور سے سسلائم کے درمیان مختلف مقامات پر برفانی تودوں کی وجہ سے بند راستے کو کھولنے کے لیے ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔