شدید دھند کے باعث موٹروے ایم-2 کو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک صرف بڑی گاڑیوں کے لئے اور بلکسر سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا

99
fog

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے شدید دھند کے باعث موٹروے ایم-2 کو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک صرف بڑی گاڑیوں کے لئے اور بلکسر سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کرکے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں-

گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔