شرجیل احمدنے 35ویں کے پی کے سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

120
سنوکر

مظفرآباد ۔10دسمبر (اے پی پی):شرجیل احمد نے 35ویں کے پی کے سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں شاہ خان کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی،اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ریڈ اینڈ وائٹ سنوکر کلب مظفرآباد کے زیر اہتمام ایس سی او،بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد،اپیکس کیش اینڈ کیری و دیگر کے تعاون سے منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں شرجیل احمد اور قومی سنوکر کوچ شاہ خان کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا،شرجیل احمد نے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے زبردست مقابلے کے بعد شاہ خان کو شکست سے دوچارکر کے دوسری مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا،

شرجیل احمد نے چیمپئن کی ٹرافی اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سے وصول کی،فائنل میچ میں فتح کے موقع پر چیمپئن شپ کے فاتح شرجیل احمد کا کہنا تھا مظفرآباد میں بہترین معیار کی سنوکر چیمپئن شپ کا انعقاد یہاں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ایک بہترین قدم ہے،

انہیں مظفرآباد میں بہت پیار ملا،سنوکر چیمپئن شپ میں کھیلنے والے تمام کھلاڑی بہترین انداز میں سنوکر کھیلتے رہے،انکا مزید کہنا تھا کہ مظفرآباد میں ریڈ اینڈ وائٹ سنوکر کلب کی طرف سے اس چیمپئن شپ کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے،اعلی معیار کے سنوکر بورڈ اور کھلاڑیوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے،وہ دوبارہ آزاد کشمیر اور مظفرآباد میں کھیلنے کی خواہش ساتھ لیکر جارہے ہیں۔

فائنل میچ دیکھنے بڑی تعداد میں شائقینِ ملک بھر سے مظفرآباد آئے جبکہ کے پی کے سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار بٹ اور جنرل سیکرٹری بھی مظفرآباد موجود رہے،فائنل میچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے پی کے سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار بٹ کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں اس گیم کے اچھے انتظامات دیکھ کر بے حد خوشی ہے،یہاں کے لوگ نہایت پیار دینے والے ہیں لیکن یہاں کے محکمہ سپورٹس اور حکومت کے رویہ سے سخت مایوس ہیں،تقریب کے مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے فائنل کے دونوں کھلاڑیوں کو زبردست کھیل پیش کرنے پر داد اور جیتنے والے کھلاڑی کو مبارکباد پیش کی،

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اپنی مدد آپ کے تحت ایسی چیمپئن شپ کا انعقاد کروانے والے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں ،حکومت کو چاہیے کے ایسے ایونٹس کی سرپرستی کرے،محکمہ سپورٹس کا کام ہی یہی ہیکہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں کی سرپرستی کرے لیکن اس چیمپئن شپ میں حکومتی نمائندوں اور محکمہ سپورٹس کے رویہ پر میں پاکستان بھر سے مظفرآباد آنیوالے کھلاڑیوں اور کے پی کے ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے معذرت خواہ ہوں،انکا مزید کہنا تھا کہ اس معاملہ کو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں زیر بحث لائوں گا اور محکمہ سپورٹس کے ذمہ داران سے بھی اس حوالے سے وضاحت طلب کروں گا۔

تقریب کے اختتام پر ریڈ اینڈ وائٹ سنوکر کلب کی جانب سے مہمان خصوصی کو بھی شیلڈ پیش کی گئی،منتظمین شیخ نذیر احمد،شیخ عبدالروف،واصف شیخ کی جانب سے اس چیمپئن شپ میں تعاون کرنے والے جملہ سپانسرز ایس سی او،بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد،مئیر بلدیہ سکندر علی گیلانی،کریو کیش اینڈ کیری،اپیکس کیش اینڈ کیری،مون کریشن کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔