گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ سول ہسپتال سیالکوٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الرحمن طارق نے کہا ہے کہ پولیو اور دیگر ویکسین سے قابلِ انسداد بیماریوں کے خاتمے کے لیے موثر سرویلنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے
شعبہ صحت سے وابستہ افراد بیماریوں کی بر وقت نشاندہی کریں ،ایم ایس سول ہسپتال سیالکوٹ
سیالکوٹ۔1۔ جون (اے پی پی):گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ سول ہسپتال سیالکوٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الرحمن طارق نے کہا ہے کہ پولیو اور دیگر ویکسین سے قابلِ انسداد بیماریوں کے خاتمے کے لیے موثر سرویلنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں اے ایف پی اور وی پی ڈی سرویلنس کے حوالے سے منعقدہ تربیتی سیشن کے دوران کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشتبہ کیسز کی بروقت نشاندہی اور رپورٹنگ یقینی بنائیں تاکہ بیماریوں کا پھیلائو موثر انداز میں روکا جا سکے۔تربیتی سیشن میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ماہرین نے شرکا کو بیماریوں کی نگرانی اور بروقت رپورٹنگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ماہرین نے اے ایف پی اور ویکسین سے قابل انسداد بیماریوں کی بروقت تشخیص، رپورٹنگ، کیس مینجمنٹ اور سرویلنس کے جدید طریقہ کار بارے بریفنگ دی۔
تربیتی سیشن کے دوران شرکا کو سرویلنس نظام کو مزید مضبوط بنانے، ڈیٹا کےدرست اندراج، نمونوں کے حصول اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔تربیتی سیشن میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحت عامہ کے تحفظ، پولیو کے مکمل خاتمے اور ویکسین سے قابل انسداد بیماریوں کی روک تھام کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ شرکا نے تربیتی سیشن کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حاصل شدہ معلومات کو عملی طور پر بروئے کار لاتے ہوئے بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مو ثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تربیتی سیشن میں پوسٹ گریجویٹ رجسٹرارز (PGRs)، میڈیکل آفیسرز، ہاؤس آفیسرز، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکل عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔









