شفاف انداز میں سینٹ انتخابات کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

43
ہم منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی بے سروپا رپورٹ میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کرے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شفاف انداز میں سینٹ انتخابات کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا، حکومت قومی اداروں کو بغیر کسی دبائو کے کام کرنے کے لئے بااختیار اور مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد ادارہ ہے اور جب بھی ضرورت ہو انٹیلی جنس اور سیکیورٹی سمیت تمام ادارے الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتخابی نظام الاوقات کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کو آئینی حق حاصل ہے کہ وہ ایوان بالا کے انتخابی نظام الاوقات میں تبدیلی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، موجودہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے پارلیمنٹ میں اوپن بیلٹ کے تحت سینیٹ الیکشن کرانے کے لئے ترمیمی بل پیش کیا تھا لیکن اپوزیشن نے اس بل کی حمایت نہیں کی اور اس کی نفی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ عبدالحفیظ شیخ واضح اکثریت سے سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہو جائیں گے۔