اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ شفاف توانائی کی پیداوار میں اضافہ سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالہ سے کوئلہ سے توانائی کے حصول کی بجائے متبادل ذرائع سے شفاف توانائی کی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے ترقی یافتہ اور امیرممالک پر ور دیا ہے کہ ترقی پذیر اور ایمرجنگ مارکیٹس کے پائیدار اور شفاف مستقبل کے لئے کردار ادا کریں تاکہ ان ممالک کا کوئلہ پر انحصار کم کیاجا سکتا ہے۔ آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک کو عالمی برادری مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے تاکہ سورچ اور ہوا سمیت دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کا حصول بڑھایا جا سکے جبکہ کوئلہ سے حاصل کی جانے والی توانائی کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لئے کاربن کو فضا میں شامل ہونے سے روکنے کی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں بھی معاونت کریں جس سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کو کم کیا جا سکے گا۔