شفاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثہ ہیں ، چینی صدر کا شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم کے لئے پیغام

چین کے صدر شی جن پنگ نے ماحولیات اور سبز ترقی کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثہ ہیں ۔

بیجنگ۔29اپریل (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے ماحولیات اور سبز ترقی کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثہ ہیں ۔ سی جی ٹی این کے مطابق انہوں نے یہ بات شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم برائے سبزاورپائیدار ترقی کے انعقاد پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی کمیٹی برائے خوشگوار ہمسائیگی، دوستی اور تعاون، چین کی وزارت ماحولیات و حیاتیات اور چین کے صوبہ زے جیانگ کی حکومت کے مشترکہ زیر اہتمام اس فورم کا افتتاح بدھ کو چین کے صوبہ زے جیانگ کے شہر ننگبو میں ہوا جس کا موضوع "گلوبل گورننس انیشی ایٹو پر عمل درآمد اور ایس سی او کی سبز اور پائیدار ترقی کا فروغ” ہے۔

اپنے پیغام میں شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ چین اس تصور پر قائم ہے کہ شفاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثہ ہیں اور چین ماحولیات اور سبز ترقی کو ترجیح دینے کے لیے پرعزم ہے۔ شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کی 25 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور یہ چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کا پہلا سال بھی ہے۔ چین "شنگھائی سپرٹ” کو فروغ دینے اور "ایس سی او کی ذمہ داری” کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام فریقوں کے ساتھ پالیسی کی ہم آہنگی، تجربات کے تبادلے اور منصوبوں کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے تاکہ عالمی ماحولیاتی حکمرانی کے نظام کی بہتری کو فروغ دیا جائے اور مشترکہ طور پر ایک صاف، خوبصورت اور پائیدار دنیا کی تعمیر کی جائے۔