راولپنڈی۔20اگست (اے پی پی):شمالی وزیرستان ضلع کے علاقہ میر علی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشت گرد کمانڈر اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران پاک فوج کے دستوں اور دہشت گردوں کے درمیان بھاری فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے ایک دہشت گرد کمانڈر اور اس کے دو ساتھی ہلاک ہوگئے۔
دہشت گرد کمانڈر کی شناخت حافظ گل بہادر گروپ کے خبیب المعروف بلال کے نام سے ہوئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔
مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں، مختلف دھماکہ خیز آلات کی تیاری اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ دہشت گرد کمانڈر خبیب اگست 2022 ء میں میر علی میں سیکورٹی فورسز کے قافلہ پر خودکش حملہ میں بھی ملوث تھا۔