شمالی کوریا نے روس کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی

151
North Korean leader Kim Jong Un
North Korean leader Kim Jong Un

پیانگ یانگ۔12نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا نے روس کے ساتھ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی ہے جس کے تحت سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے شمالی کوریا اور روس کسی بھی فریق پر حملے کی صورت میں ایک دوسرے کا دفاع کریں گے۔ انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق اس معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے منگل کو بتایا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایک حکم نامے کے ذریعے روس سے معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔اس سے قبل روسی پارلیمان نے گزشتہ ہفتے اس معاہدے کی توثیق کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا تھا جس پر صدر ولادیمیر پیوٹن نے بعد میں دستخط کئے تھے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جون میں روسی صدر کے شمالی کوریا کے دورے کے دوران سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔یہ معاہدہ دونوں ریاستوں کو ایک دوسرے پر حملے کی صورت میں کسی تاخیر کے بغیر فوجی مدد فراہم کرنے اور مغربی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے باہمی تعاون کا پابند بناتا ہے۔ ولادیمیر پیوٹن نے جون میں ہونے والے اس معاہدے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا تھا۔