ٹوکیو۔4نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا کی جانب سےگزشتہ ہفتے ایک نیا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد جاپان، امریکا اور جنوبی کوریا نے مشترکہ فضائی مشقیں کی ہیں۔ این ایچ کے، کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نےگزشتہ روز اعلان کیا کہ یہ مشقیں ملک کے جنوبی جزیرے چیجُو کے مشرق میں فضائی حدود میں ہوئیں جن کے دوران مفروضہ اہداف پر درست انداز میں حملہ کرنے کی صلاحیت کی تصدیق کی گئی ہے۔ مشقوں میں امریکی ایف۔16 لڑاکا طیارے اور ایک بی۔1 بمبار طیارہ شامل تھا۔
شمالی کوریا اس بمبار کی صلاحیتوں کے حوالے سے محتاط ہے۔جنوبی کوریائی فوج کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک شمالی کوریا سے لاحق خطرات کو روکنے اور مشترکہ طور پر جواب دینے کے لیے تعاون کو مضبوط بنائیں گے،تاہم قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں کہ 5 نومبر کو منعقد ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے موقع پر پیانگ یانگ مزید بیلسٹک میزائل داغ سکتا ہے اور جوہری تجربہ کر سکتا ہے۔