اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کی حکومتی کونسل کے سربراہان کا اجلاس (کل) جمعرات 11 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقد ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ تنظیم کے رکن ملکوں کے مابین تجارتی، اقتصادی اور ہیومنٹیرین تعاون کی پیشرفت اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں جبکہ اجلاس میں معیشت، تجارت، پیداواری صلاحیت، رابطے اور عوام کے مابین تبادلوں میں جاری پیشرفت اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ وفود کے سربراہان ”کثیرالجہتی تجارت اور اقتصادی تعاون پروگرام“ پر عملدرآمد اور بزنس کونسل کے کام اور ای سی او انٹر بینک ایسوسی ایشن پر بھی بحث کریں گے۔ اس کے علاوہ بجٹ برائے 2018ءکی منظوری اور مشترکہ اعلامیہ سمیت ایس سی او کے مختلف پہلوﺅں سے متعلق متعدد فیصلے بھی کئے جائیں گے۔