شہباز شریف نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی،صرف ایک کیس میں 16ارب کی چوری پکڑی گئی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کرسمس کی تقریب سے خطاب

شہباز شریف نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی،صرف ایک کیس میں 16ارب کی چوری پکڑی گئی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کرسمس کی تقریب سے خطاب

فیصل آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بڑے لانگ شوزاور سر پر ترچھی ٹوپی پہن کر یہ دعوے کرتے پھرتے ہیں کہ انہوں نے ایک پائی کی کرپشن نہیں کی مگرموصوف نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے اور صرف ایک کیس میں ان کی 16ارب روپے کی چوری پکڑی گئی ہے ، ان کے خاندان کی ملکیتی رمضان شوگر ملز چنیوٹ کے چوکیداروں، مالیوں، چپڑاسیوں، سکیورٹی گارڈز اور ایسے ہی معمولی معمولی ملازمین جن کی ماہانہ تنخواہ کسی طرح بھی پندرہ بیس ہزار سے زائد نہیں ان کے اکاؤنٹس سے کئی کئی کروڑ اور کئی کئی ارب روپے نکل رہے ہیں ،شہبازشریف کو ادھر ادھر ٹامک ٹوئیاں مارنے کی بجائے اپنی منی لانڈرنگ کا حساب دینا ہوگا کیونکہ قوم حقائق جاننا چاہتی ہے ،

ملک میں قومی خزانہ لوٹنے والے چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کیلئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں اور ان کا ٹھکانہ با لآخر جیل ہی ہے ۔وہ ہفتہ کی شام داؤ دنگر وارث پورہ فیصل آبادمیں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذراور مسیحی رہنما و شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے نہ صرف ملک میں اندھا دھند لوٹ مار کی، قوم کا خزانہ ناجائز ذرائع و منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے باہر بھیجا، اپنے کاروبار با ہر منتقل کئے،اپنے محلات بنائے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی بھی کروائی لیکن وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت وطن عزیز کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس کی تازہ ترین مثال اسلام آباد میں او آئی سی کے پلیٹ فارم پر منعقد ہونیوالی دنیا بھر کے او آئی سی کے رکن مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہے جس میں تمام اہم مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور ان کے وفود شرکت کررہے ہیں جو ان کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خصوصی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقا د کا اہم مقصد یہ ہے کہ چونکہ موسم تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث ہمارے افغان عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں اسلئے اس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف امت مسلمہ بلکہ عالم اقوام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جائے گی کہ وہ افغان عوام کی مدد کریں ۔ فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت شہریوں کو تمام ممکن ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور خصوصی طور پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کو بنیادی سہولیات و مراعات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان کیلئے نہ صرف ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی گرانٹس بھی مختص کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی بھائی ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں۔ اس لئے ان کی کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونا ہمارے لئے باعث عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی جانب سے مسیحی بھائیوں کی تقریبات میں بھرپور شرکت اس بات کا اعلان ہے کہ ہم سب ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسیحیوں کیلئے کرسمس کے حوالے سے بھی گرانٹ مختص کی گئی ہے تاکہ انہیں تحائف فراہم کرکے سب مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔ وزیر مملکت نے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے حالات ٹھیک کرکے ملک کو مثبت و درست سمت پر گامزن کردیا ہے اسلئے آج ہم سب مل کر اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے کیونکہ ہم نے ہی ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے جہاں زرعی و غذائی اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہورہی ہے وہیں اشیائے ضروریہ خصوصاً سبزیوں وغیرہ کی قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آرہی ہیں یہی نہیں بلکہ آلو، پیاز، ٹماٹر وغیرہ کی قیمتیں اس سال گزشتہ سال کی نسبت بہت کم ہیں نیز عالمی سطح پر بھی کورونا سے متاثرہ مارکیٹوں میں استحکام آنا شروع ہوگیاہے ، جوں جوں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی جائیں گی ہم بھی قیمتوں میں کمی لاتے جائیں گے جس کی تازہ مثال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھیں مگر ہم نے اپنا17 فیصد سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کم کرکے عوام کو تمام ممکن ریلیف دیا اور جس حساب سے قیمتیں بڑھیں اس تناسب سے بوجھ عوام پر پاس آن نہیں کیا لیکن جوں جوں مزید کمی ہوئی ہم بھی عوام کو ریلیف دیتے جائیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تین تین بار حکومت کرنے کی باریاں لیں لیکن وہ بتائیں کہ اب جو وہ حکومت پر تنقید کررہے ہیں انہوں نے اپنے تیس سالہ دور میں کہاں دودھ کی نہریں بہائی ہیں،

انہوں نے عوام کیلئے کام کی بجائے اپنا دھیان لوٹ مار، اپنی فیکٹریوں پر فیکٹریاں لگانے، منی لانڈرنگ، کاروبار، جائیدادوں اور اولادوں پر مرکوز رکھا لیکن ان کے برعکس عمران خان کا سارا دھیان اپنے عوام کی جانب ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سابق حکمرانوں نے مہنگی بجلی کے معاہدوں کے ذریعے اربوں کے کک بیکس لینے کی بجائے پانی سے سستی بجلی بنانے کی جانب اور زراعت کی ترقی کی طرف توجہ دی ہوتی تو آج ہمیں ان مشکلات کا سامنا نہ ہوتا لیکن اللہ کے فضل اور حکومتی کوششوں سے اب ہم فوڈ میں سرپلس ہونے جارہے ہیں اور اس سال ہمیں کاٹن، گندم، چینی باہر سے امپورٹ نہیں کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے چینی مافیا اور سابق حکمرانوں کے گٹھ جوڑ سے چینی کی قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی تھی مگر حکومت نے اس انتہائی بااثر شوگرمافیاسے بلیک میل ہونے کی بجائے ان کو لگام ڈالی جس کی وجہ سے چینی کی ایکس مل قیمت 80 سے82 روپے فی کلو اور پرچون قیمت 90 روپے کے قریب ہے اور چونکہ گنے کا کرشنگ سیزن شروع اور نئی چینی بننے کا عمل تیز تر ہوگیا ہے لہٰذا آنیوالے دنوں میں چینی کی قیمتوں میں مزید کمی بھی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم اور دیگر زرعی اجناس کے کاشتکاروں کو بہترین امدادی قیمت دی جس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے 300 ارب روپے کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت انہیں سبسڈیز کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا جس کے شاندار نتائج حاصل ہوئے اور اب بھی آٹا 1100 روپے من دستیاب ہے جبکہ اس کے برعکس سندھ میں حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے جہاں حکمرانوں کے پروردہ مافیاز عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ یہ وزیراعظم ہی ہیں جنہوں نے کسان کا سوچا اور جو سوچا اس پر عمل بھی کرکے دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال تقریباً300 ارب روپے کا خوردنی تیل باہر سے امپورٹ کرتے ہیں لیکن اب ہم نے اپنی کوکنگ آئل اور تیل دار اجناس کی ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے زیتون کی کاشت شروع کی ہے اور بنجر زمینوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ کوسٹل بیلٹ میں پام آئل کی پیداوار حاصل کرنے کیلئے پام ٹریز لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو عوام کی چھوٹی سے چھوٹی تکلیف کا بھی احساس ہے اسی لئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں و گرانفروشوں کے خلاف پوری طاقت سے کریک ڈاؤن جاری ہے اور نہ صرف ذخیرہ کی گئی اجناس برآمد کرکے سرکاری نرخوں پر فروخت کروائی جارہی ہیں بلکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا جارہا ہے لیکن سندھ میں ایسا کوئی کام سامنے نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا وزیراعظم چور نہیں بلکہ آج تک ملکی تاریخ میں ان جیسا عوام کا خیر خواہ حکمران سامنے نہیں آیا جس نے ڈٹ کر مشکلات کا سامنا کیا اور اب بھی کررہے ہیں لیکن ان کا مقصد عوام کیلئے سہولیات پیدا کرنا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری اولین ترجیحات میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی بھی سر فہرست ہے لہٰذا ہم نے اپنے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے 50 ارب کے سکالر شپس رکھے ہیں تاکہ کوئی ذہین بچہ وسائل نہ ہونے سے تعلیم سے محروم نہ رہے اسی طرح پنجاب کے تمام شہریوں کو رواں ماہ کے آخر سے ہیلتھ کارڈز کی فراہمی بھی شروع کی جارہی ہے جس سے اب کوئی بھی شہری لاعلاج نہیں مرے گا اور ہر گھرانے کو دس لاکھ تک کا ہیلتھ کور حاصل ہوگا نیز کسانوں کو براہ راست سبسڈی کی فراہمی کیلئے کسان کارڈز اور صنعتی مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا یہ تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

آخر میں انہوں نے ایک بار پھر مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی، ان میں گفٹس تقسیم کئے اور ان کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کا ٹا۔