اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا نام ابھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس سلسلے میں سمری وفاقی کابینہ کے پاس ہے اور توقع ہے کہ اس کی منظوری پیر یا منگل کو وزارت داخلہ کو مل جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت قانون اس پر قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 12 مئی کو وفاقی کابینہ کو قومی احتساب بیورو کی درخواست کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔
ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران عوام کی جانب سے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی تعمیل کے سبب ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں پاک فوج ، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ، پولیس اور دیگر اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے اینٹی کوویڈ پروٹوکول کا ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جو خوش آئند ہے ۔