اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہوگا، دونوں باپ بیٹا شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت سے ضمانت پر رہا ہیں، ایک وزارت عظمیٰ اور دوسرا وزارت اعلیٰ کا امیدوار بن بیٹھا ہے، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے، جو لوگ شیروانیاں سلوا کر بیٹھے ہیں، ان کی شیروانیاں ٹنگی رہیں گی، ان کو پاجامے نہیں ملیں گے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کے لئے درخواست دائر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی ایجنسیوں سے موصول ہونے والے تھریٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے، ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے سربراہان کی حفاظت کے لئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو گا، باپ اور بیٹے دونوں کا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، دونوں باپ بیٹا عدالت سے ضمانت پر رہا ہیں اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے امیدوار بن بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ وزارت قانون کا چارج مجھے مل رہا ہے، میں کل ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں ابھی اڑتالیس گھنٹے باقی ہیں، بہت سی چیزیں ابھی ہونی ہیں، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے، جو لوگ شیروانیاں سلوا کر بیٹھے ہیں، ان کی شیروانیاں ٹنگی رہیں گی، ان کو پاجامے نہیں ملیں گے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کسی طور بھی ملک کے عوام اجازت نہیں دیں گے کسی باہر کے ملک میں بیٹھ کر سازش سے پاکستان میں حکومت تبدیل کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ چند سو ملین ڈالر خرچ ہوں اور حکومت بدل دی جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ منحرف اراکین کی ملاقاتوں کا بھی نوٹس لیا گیا ہے، ان کے خلاف کارروائی آگے بڑھے گی، اس حوالے سے قانونی ٹیم نے اپنی حکمت عملی طے کرلی ہے، امید ہے کل تک سپریم کورٹ سے رجوع کر پائیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آرٹیکل 184 کی سماعت کے دوران ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ دیکھے کہ کس طرح تحریک عدم اعتماد کا مسودہ بیرون ملک تیار ہوا، اسے پاکستان بھیجا گیا، راتوں رات یہ تحریک لائی گئی، اس کے بعد چند لوگوں کا ضمیر بھی جاگ گیا جن کو ضمیر کے ہجے تک نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ خط مجھے دکھایا جائے تو میں ساتھ کھڑا ہوں گا، جب انہیں بلایا گیا تو وہ نہیں آئے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اس سازش میں وہ خود شامل ہیں، اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس سازش کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غلامان شریفیہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور خواجہ آصف بے ضمیر لوگ ہیں، خواجہ آصف پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے عہدے پر رہتے ہوئے دوبئی کی کمپنی سے تنخواہ لیتے رہے، اس طرح کے بے ضمیر لوگ پاکستان پر مسلط رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں کہ امریکہ نے ہمیں ڈرپ لگائی ہوئی ہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کو بے غیرتی کی زندگی دینا چاہتے ہیں، پاکستان کے لوگ غیرت مند لوگ ہیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ احسن اقبال جیسے لوگ پاکستان پر مسلط رہے۔ بے شرم لوگوں کا یہ گروہ بین الاقوامی سازش سے پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اس سازش کو پہچان گئے ہیں اور اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں بے ضمیرلوگوں کے خلاف مظاہرے ہوئے، میں ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان مظاہروں میں حصہ لیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی قیادت عمران خان جیسے غیرت مند لیڈر کے پاس رہے گی، ہم کبھی پاکستان کو جھکنے اور پاکستانی قوم کو بکنے نہیں دیں گے، یہ ملک ڈرپوں کے سہارے نہیں چل سکتا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مڈل کلاس طبقے کی پارٹی ہے، پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم آئین کے مطابق چلیں گے، سپیکر کا آئینی کردار ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کل پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ٹرانسفر، پوسٹنگ اور فنڈز کی سیاست نہیں کرتے، احسن اقبال جیسے لوگ اقتدار میں اسی لئے آنا چاہتے ہیں تاکہ یہ ٹرانسفر، پوسٹنگ اور فنڈ کی سیاست کر سکیں، ان چوروں کی سوچ یہاں تک ہی محدود ہے، ٹرانسفر، پوسٹنگ اور فنڈ سے آگے ان کی سوچ ہی نہیں ہے۔