اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف نیب میں متعدد کیسز چل رہے ہیں، ان کو اپوزیشن لیڈر کی نشست چھوڑ دینی چاہیے، نئے چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو سنبھالنا چاہیے، پنڈورا پیپرز میں نامزد افراد کی تحقیقات کے لئے وزیراعظم عمران خان نے ایک خصوصی سیل قائم کیا ہے۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک اصول رہا ہے کہ قائد ایوان ہو یا قائد حزب اختلاف ہو، اگر ان پر مقدمہ ہو اور نیب میں ان کی تحقیقات چل رہی ہوں تو ان سے نیب چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے مشورہ نہیں لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کیسز نیب میں چل رہے ہیں، دنیا میں کسی معاشرے میں بھی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ جس پر مقدمہ ہو اس سے پوچھا جائے کہ ان کا تفتیشی کون ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو سنبھالنا چاہیے، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسی صورتحال پیش آئی ہے جب چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر کی آپس میں مشاورت ہونا ہے اور اپوزیشن لیڈر پر نیب ہی میں مختلف مقدمات بھی چل رہے ہیں، ایسی صورتحال میں بہتر راستہ اور حل تلاش کرنے کے لئے آرڈیننس لایا جا رہا ہے جس میں طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جن افراد کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں ان افراد کی تحقیقات کرنے کے لئے وزیراعظم نے ایک سیل قائم کیا ہے، تحقیقات کے بعد اگر کوئی اہلکار مجرم پایا گیا تو حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی تاکہ احتساب کی ایک اور مثال قائم کی جا سکے۔