شہداکی عزت ووقار اور ان کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کی شہدااور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم سےپتہ چلتا ہے کہ وہ غیر ملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات

123

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر سمیت سات شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہداکی عزت ووقار اور ان کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کی شہداءاور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم چلانے سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ وہ غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے میر علی کے شہداکے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکائونٹس سے غلیظ مہم پر شدید ردعمل اور شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے زمین پر جبکہ پی ٹی آئی حامیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو ریاستی اداروں، شہداکی یادگاروں پر حملے ہوں یا 9 اگست 2022 کو سانحہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوں پی ٹی آئی نے شہداکا ہمیشہ مذاق اڑایا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداکو سلام پیش کرتی ہے،

ان کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداکی وارث ہے، ان کی توہین کرنے والوں کے لئے قوم کے دل میں کوئی گنجائش ہے نہ قانون میں، ہم شہداکی عزت ووقار اور ان کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہدا اور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ پی ٹی آئی غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پاکستان کے دشمن اور دہشت گرد خوش ہوں، آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرکے انہوں نے پاکستان کے معاشی محاذ پر حملہ کیا،

آج قوم کے بیٹوں کی شہادتوں پر توہین آمیز اور قابل مذمت رویہ اپنا کر دہشت گردی کے محاذ پر دہشت گردوں کا ساتھ دیا، ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کے مفادات اور شہدا کی قربانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان شر پسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی یہ سیاسی کارکن ہیں، یہ صرف فسادی اور لشکری ہیں۔