شہربھر میں مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ عمل میں لائی جا رہی ہے،بلال صدیق کمیانہ

63

لاہور۔25نومبر (اے پی پی):لاہور پولیس کی جانب سے قیامِ امن کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ اور عارضی ناکہ جات کے ذریعے رواں سال01لاکھ 54ہزارسے زائد کاروں و دیگر وہیکلز اور 08لاکھ65ہزارسے زائد موٹر سائیکلوںکو چیک کیا گیاہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جاری بیان میں کہا کہ بغیر کاغذات کے463کاروں اور16ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

ناکوں پر چیکنگ کے دوران82موٹرسائیکلوں کواپلائیڈ فار،08کوغیر نمونہ نمبر پلیٹس اور172 کو 550ضابطہ فوجداری کے تحت بند کروایا گیاہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں سمیت شہربھر میں چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں فورس کی پرفارمنس اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لیں، دوران چیکنگ ناکوں پر شر پسند عناصراور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ہاٹ سپاٹ ایریاز میں سخت چیکنگ اور موثر پٹرولنگ یقینی بنائی جائے۔

پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے فرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔