شہریوں کو معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، ڈاکٹر محمد اسرار خان

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں فوڈ اتھارٹی کی جاری خصوصی مہمات، اصلاحاتی اقدامات

پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں فوڈ اتھارٹی کی جاری خصوصی مہمات، اصلاحاتی اقدامات، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں متعارف کرائی گئی۔ نئی ایپلی کیشنز اور صوبہ بھر میں جاری خصوصی دودھ چیکنگ مہم سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن امیر حسن سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ضلعی فیلڈ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے معاون خصوصی کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری خصوصی مہمات، ڈیجیٹل اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر صوبہ بھر میں معائنے، چیکنگ اور کارروائیاں انجام دے رہی ہے تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری خوراک فراہم کرنے والے کاروباروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم جو عناصر غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی فروخت سے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے فیلڈ افسران کو ہدایت جاری کی کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کی خصوصی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سے غیر معیاری اشیاء کی سپلائی کی جا رہی ہو، ان مراکز کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ سپلائی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بھی قانون کے مطابق تحویل میں لیا جائے تاکہ ملاوٹ کے پورے نیٹ ورک کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سزا و جزا کی پالیسی پر مکمل یقین رکھتے ہیں، دیانت داری سے کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوراک میں ملاوٹ کے خلاف جاری مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی تیاری، ذخیرہ اندوزی یا فروخت کی اطلاع فوری طور پر خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 

مزید خبریں