کمشنر دیامر کا ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا دورہ، طبی سہولیات کی بہتری کے لیے یقین دہانی

کمشنر دیامر استورعظیم اللہ نے ایڈیشنل کمشنرنثار احمد کے ہمراہ ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز دیامر-استور ریجن ڈاکٹر مبین خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نواب احمد خان، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نسیم اللہ اور کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر مشتاق بھی موجود تھے

گلگت۔ 17 جولائی (اے پی پی):کمشنر دیامر استورعظیم اللہ نے ایڈیشنل کمشنرنثار احمد کے ہمراہ ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز دیامر-استور ریجن ڈاکٹر مبین خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نواب احمد خان، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نسیم اللہ اور کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر مشتاق بھی موجود تھے۔

دورہ کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نواب احمد خان نے کمشنر دیامر کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب طبی سہولیات، جاری ترقیاتی اقدامات، درپیش مسائل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر دیامر عظیم اللہ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط، مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور سرکاری نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

کمشنر دیامر استور نے اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر ہسپتال کے تمام امور پر مشتمل جامع بریفنگ طلب کی تاکہ ادارے کی ضروریات اور مسائل کا مکمل جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کی مزید بہتری، طبی سہولیات کی توسیع اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور مکمل معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ امید ظاہر کی کہ اس دورے کے مثبت نتائج عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔