فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی عالمی تعلیمی منصوبے میں شمولیت، اہم کامیابی حاصل

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے ایک اہم بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے یورپی یونین کے مشترکہ ماسٹر ڈگری پروگرام میں بطور شراکت دار شمولیت اختیار کر لی ہے

راولپنڈی ۔17جولائی (اے پی پی):فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے ایک اہم بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے یورپی یونین کے مشترکہ ماسٹر ڈگری پروگرام میں بطور شراکت دار شمولیت اختیار کر لی ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس عالمی تعلیمی منصوبے کی قیادت پولینڈ کی وارسا یونیورسٹی کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے لیے آئندہ چھ برسوں کے دوران 46 لاکھ یورو کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔پریس ریلیز کے مطابق اس پروگرام کا مقصد حیاتیاتی تنوع، ماحولیات، مصنوعی ذہانت، بڑے پیمانے پر معلومات کے تجزیے اور حیاتیاتی تحفظ کے شعبوں میں اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین تیار کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت طلبہ تین معروف یورپی جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے اور جدید تحقیق کے ساتھ عملی تربیت بھی حاصل کریں گے۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اس منصوبے میں شراکت دار کی حیثیت سے مشاورتی بورڈ کا حصہ ہوگی، منتخب مضامین میں تعلیمی معاونت فراہم کرے گی اور طلبہ کو عملی تربیت کے مواقع بھی مہیا کرے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا (تمغۂ امتیاز) نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی عالمی معیار کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں شمولیت سے یونیورسٹی کی بین الاقوامی شناخت مزید مضبوط ہوگی جبکہ اساتذہ اور طالبات کو مشترکہ تحقیق، تعلیمی تبادلوں، مشترکہ منصوبوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری سائنسی تحقیق، ماحول کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے وژن کے مطابق ہے اور اس سے خواتین طالبات اور محققین کے لیے جدید سائنسی شعبوں میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔