ملتان: مصنوعی پٹرول قلت اور پیمانوں میں ردو بدل پر10 سے زائد پٹرول پمپس سربمہر

ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے

ملتان۔ 17 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس اور سول ڈیفنس پر مشتمل مشترکہ ٹیموں نے جمعہ کے روز یہاں مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے مار کر سٹاک، سپلائی چین، پیمانوں اور فروخت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔کریک ڈاؤن کے دوران پیمانوں میں ردوبدل، سپلائی روکنے اور دیگر بے ضابطگیوں پر 10 سے زائد پٹرول پمپس کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے ضلع بھر میں پٹرول پمپس کے سٹاک، سپلائی چین اور فروخت کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں پٹرول کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا مصنوعی قلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا ہےکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے، پٹرول و ڈیزل ذخیرہ کرنے یا سپلائی روکنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔