19 سے 23 جولائی تک بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 19 سے 23 جولائی تک صوبہ کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کولائی پالس، اپر و لوئر کوہستان، سوات، شانگلہ، چترال، دیر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ …

ایبٹ آباد۔ 17 جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 19 سے 23 جولائی تک صوبہ کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کولائی پالس، اپر و لوئر کوہستان، سوات، شانگلہ، چترال، دیر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث پہاڑی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور بعض شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اداروں کو الرٹ رکھا جائے، حساس مقامات کی نگرانی، نکاسی آب، سڑکوں کی بحالی اور ہنگامی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

عوام اور سیاحوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔