شہری اپنےبجلی کےواجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں ،جی ایم آپریشن گیپکو

78
Gapco
Gapco

گوجرانوالہ۔ 27 نومبر (اے پی پی):وزارتِ توانائی(پاورڈویژن)کی ہدایات کی روشنی میں گیپکوہیڈ کوارٹرمیں آن لائن کچہری کاانعقاد کیاگیا۔آن لائن کچہری کے دوران جنرل مینجرآپریشن مظہرنویدنےفیس بُک پربراہ راست صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات سُنیں اوراُن کےحل کیلئےموقع پرمتعلقہ افسران کوہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پرچیف انجینئرآپریشن امتیازاحمد چیمہ،مینجرایچ ایس ای چوہدری محمداکبرعلی،ڈپٹی مینجر سی آرسی ذکاء اللہ،اسسٹنٹ پبلک ریلیشنزمحمد عامر،محمد نفیس،فوٹو گرافر محمد وکیل و دیگر بھی موجود تھے۔آن لائن کچہری کے دوران صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل مینجر آپریشن نے کہا کہ صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا بروقت اور اُن کی دہلیز پر ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہر ماہ آن لائن کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج بھی آئے ہیں اورصارفین کا گیپکو پر اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ آن لائن کچہری کے دوران صارفین کی طرف سے کل 24 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 20اسی دن حل کر دی گئیں جبکہ4شکایات پر ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں جن کے حل کیلئے کام جاری ہے۔

مظہر نوید نے کہا کہ گیپکو انتظامیہ ہمیشہ سے صارف دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے لہذا اب عوام الناس کو بھی چاہیے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے بجلی کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔اس موقع پر مینجرایچ ایس ای چوہدری اکبر علی نے صارفین کو پبلک سیفٹی کے حوالے سے خاطر خواہ تجاویز دیں۔