
سیالکوٹ 28جنوری (اے پی پی) معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان عثمان ڈار نے کہا شہر اقبال کے ہنر مندوں کی بدولت سیالکوٹ کی مصنوعات کی پوری دنیا میںمانگ ہے، 2.5بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کا سہرا سیالکوٹ کے محنت کشوں کو جاتا ہے۔ لیبر کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ، لیبر رہائشی کالونی بھی بنائیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دل پاکستان کے محنت کش غریب عوام کیساتھ دڑھکتا ہے ، پی ٹی آئی کی حکومت مزدور دوست پالیسیاں بنا کر صنعت کی ترقی کے لیے قانون سازی کریگی جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری محفوظ ہو گی۔غریب مزدور خوشحال ہو گا اور پاکستان کا آنیوالا دن سنہری ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو معیشت زندگی کی آخری ہچکیا ں لے رہی تھی جسے پی ٹی آئی نے سنبھالا دیکر مختصر ترین عرصہ میں اپنے پائوں پہ کھڑا کیاہے۔عنقریب سیالکوٹ میں بہت بڑی صنعتی تبدیلی آرہی ہے جس سے زرمبادلہ کے زخا ئر اپنی بلندیوں تک جائیں گے۔