ملتان ۔ 07 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان مریم خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہر اولیاء میں ترقی کا سفر جاری ہے۔منگل کو یہاں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شجاع آباد چک آر ایس کے فلائ اوور پر کام تیزی سے جاری ہے، ایک کلومیٹر کے فلائ اوور پر 1500 ملین روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نادرہ آباد فلائ اوور فیز 2,3 کی بھی منظوری دی جا چکی ہے، نادرہ آباد فیز 1 پر 3 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئ تھی، فیز 2 میں روڈ ورک پر 6 کروڑ، فیز3 فلائی اوور کی تعمیر پر 1 ارب40 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ 5ارب40 کروڑ روپے کے نادرہ آباد منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو سہل سفری سہولیات میسر ہوں گی، 11.68 کلومیٹر طویل ہیڈ محمد والاروڈ کے فنڈز کیلئے حکومت پنجاب کو لکھا گیا ہے، سدرن بائ پاس کی 15.65 کلومیٹر طویل سکیم پر 1 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی چوک تا بہاولپور چوک تک سدرن بائ پاس کو جون تک مکمل کر لیا جائے گا، 9 کلومیٹر طویل نادرن بائی پاس کی 1 ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سہو چوک تا سیداں والا بائی پاس روڈ کی سکیم جون تک مکمل کر لی جائے گی، عسکری بائی پاس شیر شاہ روڈ کی 16 کلومیٹر طویل روڈ 86 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کی جارہی ہے، دنیا پور کی 21.90 کلومیٹر طویل روڈ 80 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کی جارہی ہے۔