شہر اولیاء کی فضا صدیوں سے امن کا گہوارہ رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

111

ملتان ۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی صدارت میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں امن کمیٹی کے ارکان نے کرسمس کے موقع پر بھرپور مذہبی یکجہتی اور اتحاد کا عزم کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف ،معروف عالم دین قاری محمد حنیف جالندھری سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور تاجر برادری نے شرکت کی۔اجلاس میں کرسمس کے موقع پر امن و امان اور مسیحی برادری کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کرینگے، شہر اولیاء کی فضا صدیوں سے امن کا گوارا رہی ہے اور تمام مکاتب فکر کے نمائندوں نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے مزید کہا کہ امید ہے کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برادری اور دیگر مکاتب فکر کے علماء کرام بھرپور امن یکجہتی اور بھائی چارے کا درس عام کریں گے تاکہ اقلیتی برادری اس ملک میں اپنی مذہمی رسومات بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں۔

سی پی او صادق علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کرسمس کے موقع پر بھرپور سکیورٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے گی ،اس سلسلے میں نیو ایئر کی آڑ میں شراب فروشی، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں اور دیگر حساس مذہبی مقامات کی بھرپور سکریننگ کی جائے گی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔قبل ازیں امن کمیٹی کے ارکان نے امن و امان کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔