لاہور۔2جولائی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہر میں سفری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے قانون پر عمل درآمد کروانا ضروری ہے۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں لین لائن، سٹاپ لائن سرفہرست ہے۔ گزشتہ روز سیف سٹی کیمروں میں 86 ہزار 667 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں جن میں 12 ہزار سے زائد شہریوں نے جان بوجھ کر ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی 7 ہزار گاڑیاں اوورسپیڈنگ جبکہ 2591 شہریوں نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کی۔
سی ٹی او نے بتایا کہ6 ہزار 202 وہیکلز نے غلط جگہ سے یوٹرن لیتے ہوئے خلاف ورزی کی، 59 ہزار 314 شہریوں نے لین لائن،سٹاپ لائن ڈسپلن کی خلاف ورزیاں کیں ۔عمارہ اطہر نے کہا کہ محفوظ سفر اور حادثات کی روک تھام کےلئے موٹرسائیکلسٹ ہمیشہ انتہائی بائیں لین میں سفر کریں، رواں سال سب سے زیادہ کارروائی لین لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کی گئی، رواں سال 7 لاکھ سے زائد شہریوں کو لین لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چالان ٹکٹس دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظم ٹریفک کے حصول کے لئے لین لائن ڈسپلن انتہائی ضروری ہے، سڑکوں پر لین لائن اور روڈ مارکنگ کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔