اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں آبی مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے ممبران سمیت ڈی جی اسلام آباد واٹر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ڈی جی اسلام آباد نے واٹر فلٹر یشن پلانٹس کی بحالی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق تمام فلٹریشن پلانٹس میں پانی کی کوالٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے،واٹر فلٹریشن پلانٹس میں پانی کی کوالٹی کا ٹیسٹ سہ ماہی بنیادوں پر تھرڈ پارٹی پی سی آر ڈبلیو سے کروایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد شہر میں نصب تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی اور مرمت کو فوری یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے شہر میں نصب تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے سروے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ممبر فنانس واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی اور مرمت کیلئے ضروری فنڈز کے اجراء کو فوراً یقینی بنائیں،واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور دیکھ بھال مستقل بنیادوں پر کرنے کیلئے آؤٹ سورسنگ کی تجویز پر غور کیا جائے۔
محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ راول ڈیم میں پانی کی آلودگی کو کنڑول کرنے کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کا عمل بری امام، بنی گالہ اور سملی ڈیم روڈ کے مقامات پر کیا جارہا ہے
،روال ڈیم سے صاف پانی کی سپلائی کیلئے تینوں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ٹینڈرز کھول دئیے گئے ہیں،ٹینڈرز کی اسکروٹنی کے بعد جلد ہی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز بھی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کو فوری یقینی بنائیں۔