لاہور۔21جنوری (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پولیس سماج دشمن عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہے، شہربھر کے چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی سخت چیکنگ عمل میں لائی جا رہی ہے۔
منگل کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ 2025 میں اب تک سنیپ چیکنگ اور ناکوں پر11ہزارسے زائد گاڑیوں و دیگر وہیکلزکی چیکنگ عمل میں لائی گئی ، اس دوران 59ہزارسے زائد موٹر سائیکلوں کو چیک کیا گیا جبکہ بغیر کاغذات 771 موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ، اسی طرح137موٹر سائیکلوں کواپلائیڈ فاراور74کوغیر نمونہ نمبر پلیٹ کے تحت بند کروایا گیا۔
سی سی پی او نے کہا کہ افسران فیلڈ میں فورس کی پرفارمنس اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لیں،دوران چیکنگ ناکوں پرمشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں،اس کے علاوہ ہاٹ سپاٹ ایریاز میں سخت چیکنگ اور موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کےلئے فرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دیں اور شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔