شہیدبینظیر بھٹو ایسے جمہوری وژن کی علمبردار تھیں جس نے پاکستانی سیاست کو ایک نئی سمت عطا کی، مخدوم احمد محمود

16

لاہور۔19جون (اے پی پی):شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر مخدوم ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی زیرِ صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیک کاٹا گیا اور بی بی شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں، بلکہ وہ ایک ایسے جمہوری وژن کی علمبردار تھیں جس نے پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت عطا کی۔ ان کی جدوجہد صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی، اور ایک روشن، پرامن پاکستان کے لیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے آمریت کے سائے میں جمہوریت کے چراغ جلائے، خواتین کو بااختیار بنایا، نوجوانوں کو سوچنے اور سوال کرنے کا ہنر دیا، اور محروم طبقات کو طاقت اور پہچان عطا کی۔ ان کی شخصیت میں فہم، تدبر، وقار اور بے پناہ جرات یکجا تھی۔ بینظیر بھٹو نے عوامی حقوق، وفاق کی مضبوطی، اور ایک ترقی پسند پاکستان کی خاطر جان کا نذرانہ دے کر ثابت کر دیا کہ وہ نظریات اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں۔ ان کی شہادت نے انہیں تاریخ کا وہ ناقابلِ فراموش کردار بنا دیا ہے، جس کی روشنی آج بھی ہمیں راہ دکھاتی ہے۔تقریب میں پارٹی کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین، این اے 145کے ٹکٹ ہولڈر رانا عبدالرحمن، جنرل سیکرٹری ضلع ملتان را ساجد علی، رانا وسیم، ہارون مزاری سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔