حیدرآباد۔ 18 فروری (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآبادندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حاصل کئے گئے ہدف اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر ندیم احمد ابڑو نے کہا کہ شہید بینظیرآبادمیں پولیو کے حوالے سے مارکیٹ سروے اور 22 یونین کونسلز میں 100 فیصد کامیابی ہوئی ہے جو تینوں اضلاع کی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کو شکست دینے کے لیے اسی جذبے کے ساتھ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کام جاری رکھیں تاکہ پولیو کا خاتمہ یقینی بناکر بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔ کمشنر نے بہتر مارکیٹ سروے آنے اور 22 یونین کونسلز پاس ہونے پر ضلع انتظامیہ، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو شاباس دی۔ کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز اور سانگھڑ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے بنائے گئے مائیکرو پلان پر عمل کریں گے۔
اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جہانگیر کورائی نے بتایا کہ گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران شہید بینظیرآباد کی کارکردگی بہتر آئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 20 فروری سے تینوں اضلاع میں زیرو ڈوز، ڈیفالٹرز اور ریفیوزل بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے بگ کیچ اپ مہم شروع کی جائے گی مہم کے دوران تینوں اضلاع کے ایک لاکھ 3 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیرآباد حسان ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نوشہرو فیروز لیاقت بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سانگھڑ مجیدظہرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری کے علاوہ تعلیم، صحت، پولیس، پاپولیشن و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔