اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا، ہم ان کے جمہوری، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے خواب سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔ جمعرات کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 46ویں یومِ شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے پُرملال دن پر ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جو پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیرِاعظم تھے جنہوں نے شکست خوردہ قوم کو مایوسی کی راکھ سے نئی زندگی دی، جب قوم مایوس تھی اور پاکستان کو 1971 میں ایک زبردست سانحے کا سامنا تھا، تب شہید بھٹو نے فولادی حوصلے کے ساتھ قیادت سنبھالی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے ایک بکھری ہوئی مملکت کو سنبھالا، عوام کے حوصلے بلند کئے اور پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا،ان کی سفارتی بصیرت سے 90,000 جنگی قیدیوں کو بھارتی قید سے واپس لایا گیا اور شملہ معاہدے کے تحت 5,000 مربع میل کا علاقہ واپس حاصل کیا،یہ کارنامہ ہماری تاریخ میں بے مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کی معیشت، زراعت اور صنعت میں انقلاب برپا کیا، محنت کش طبقے کو بااختیار بنایا اور انہیں ان کے حقوق دلائے، ان کی انقلابی لیبر ریفارمز اور زرعی اصلاحات نے عام آدمی کو عزت، وقار اور زمین کی ملکیت دی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایک ترقی پسند اور متفقہ آئین دیا جس نے جمہوریت اور بنیادی حقوق کی ضمانت دی
ان کی ایٹمی ٹیکنالوجی میں خدمات نے پاکستان کا دفاع مضبوط کیا اور ان کی متحرک خارجہ پالیسی نے پاکستان کو مسلم دنیا اور عالمی برادری میں ایک باوقار آواز عطا کی۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہم ان کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہیں تو ہم ان کے جمہوری، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے خواب سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں،شہید بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578237