کوئٹہ۔ 30 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو بند کمروں سے نکال کر عوام کے درمیان لایا اور حقیقی معنوں میں عوامی سیاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے غریب، مزدور اور مظلوم طبقے کے لیے جدوجہد کی اور انہی کی طاقت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک عوامی، نظریاتی اور قومی جماعت …
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کے غریب، مزدور اور مظلوم طبقے کیلئے جدوجہد کی ، میر سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی سیاست کو بند کمروں سے نکال کر عوام کے درمیان لایا اور حقیقی معنوں میں عوامی سیاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے غریب، مزدور اور مظلوم طبقے کے لیے جدوجہد کی اور انہی کی طاقت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک عوامی، نظریاتی اور قومی جماعت بنایا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ سمیت مرکزی و صوبائی رہنما، صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سیاست صرف ڈرائنگ روم تک محدود تھی مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسے عوامی بنایا ،عوام کو بااختیار کیا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے وہ تاریخی اقدامات کیے جن کی وجہ سے آج پاکستان مضبوط ایٹمی قوت کے طور پر کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے میدان میں وہ سنگِ میل قائم کیے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے کھلے عام دہشت گردی کو للکارا اور اپنے کارکنوں کی قربانیوں کے باوجود پیچھے نہیں ہٹی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے آخری خطاب کو سن کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا دل پاکستان کے عوام کے ساتھ کس قدر جڑا ہوا تھا ، صدر آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے اور ہمیشہ پاکستان کی وحدت اور بقا کی ضمانت رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے ، ہم دہشت گردوں کو ان کے نظریات بندوق کے زور پر مسلط کرنے نہیں دیں گے ، غریب کا نظام چلے گا، بھٹو کا نظام چلے گا، بے نظیر بھٹو کا نظام چلے گا ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسی عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی اور انتشار کے خلاف ریاست اور عوام ایک ساتھ متحد رہیں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کوئٹہ کے سریاب روڈ پر واقع شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تاریخی گھر جس پر ایک سرکاری محکمے نے قبضہ کر رکھا تھا صوبائی حکومت نے واگزار کرا لیا ہے ، صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اس گھر کو پارٹی کے ایک شہید کے نام کرنے کی اجازت مانگی جو منظور کر لی گئی ہے ، یہ گھر 18 اکتوبر کے شہید خلیل احمد سمالانی کے خاندان کو دیا جا رہا ہے جہاں ان کی والدہ رہائش پذیر ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شہداء کی قربانیوں کے اعتراف اور پارٹی وفاداری کے احترام کی ایک مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دن رات محنت کر رہی ہے ،آپ سے وعدہ ہے کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے ،ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر لے کر جائیں گے ۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ یومِ تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔








