اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کی قائد و سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کےلئے جان کا نذرانہ بھی پیش کیا ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو جمہوریت کی عالمی علمبردار کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہیں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور خاتون قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جدوجہد سے خواتین کو ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیا،میثاق جمہوریت میاں محمّد نواز شریف اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت نے 1973 کے آئین کو اس کی روح کے مطابق بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا،اس کے تحت آئین میں 18ویں اور 26ویں آئینی ترامیم کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے گراں قدر خدمات پیش کیں،انہوں نے پسے ہوئے طبقات بالخصوص بچوں اور خواتین کی مؤثر انداز میں نمائندگی کی۔سپیکر نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے شہید محترمہ کی مفاہمت کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔