شیخوپورہ ،محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ میں بے ضابطیوں پر نیب متحرک

119
National Accountability Bureau
National Accountability Bureau

شیخوپورہ۔ 29 جنوری (اے پی پی):نیب کی تفتیشی ٹیم نے محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں گرفتار شدہ ملزم حاجی نعیم اکبر ٹھیکے دار کو احتساب کورٹ نمبر نو میں پیش کر دیا ہے ۔

تفتیشی ٹیم نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی تفتیش مطلوبہ ریکارڈ خرد برد شدہ اربوں روپے کی رقوم کی برآمدگی اور ملزم اور اس کے ساتھیوں کی املاک کے بارے میں پوچھ پوچھ کی خاطر ملزم کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ فاضل عدالت نے تفتیشی ٹیم کی اس استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزم حاجی نعیم اکبر کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا۔

دریں اثناء سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری طاہر شہزاد کمبوہ ایڈووکیٹ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں 56 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈروں میں ہونے والے بے ضابطگیوں اور پیپرا رولز کو نظر انداز کرنے کے بارے میں ایک درخواست وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور چیئرمین نیب کو بھی بھیجی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ دو ٹھیکیداروں کو ہی 12 فیصد پول کمیشن لے کر 56 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام الاٹ کر دیے گئے ہیں جس سے سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ 18 تا 22 کروڑ روپےہے ۔\