لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی امور نوجوانان شیزا فاطمہ کی زیرصدارت پیر کو آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ کی ہدایت پرمحکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کی نمائندگی ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس پنجاب اور ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن نے کی۔اجلاس میں نوجوانوں کے امور کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن نے نوجوانوں کے امور پر کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے یوتھ ہیلپ لائن فعال ہے جہاں سے نوجوان رہنمائی لے رہے ہیں، ای روزگار سنٹرز میں نوجوانوں کو خودمختار بنانے کیلئے تربیت دی جارہی ہے،ای روزگار سنٹر یونیورسٹیز میں قائم کئے گئے ہیں،نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب لانے کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،سپورٹس ایونٹس میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،نوجوانوں کے امور کے حوالے سے اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن جاری ہے۔معاون خصوصی نے نوجوانوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔