اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اعلان کیا ہے کہ صارفین سے اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے )کی مد میں جولائی کی نسبت مزید 20 پیسے فی یونٹ کم چارج کئے جائیں گے۔ جمعرات کو نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت عوامی سماعت مکمل کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے جی )نے ایف سی اے کی مد میں 57 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔
اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا، اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پربھی نہیں ہو گا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔سی پی پی اے جی نے اس سے قبل صارفین سےجولائی کے ایف سی اے کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت صارفین سے مزید 20 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔