صارفین کیلئے عمومی مہنگائی کی شرح دسمبر 2024میں 4.1فیصدکی کم ترین سطح پر ریکارڈ

127

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):صارفین کیلئے عمومی مہنگائی کی شرح دسمبر 2024میں 4.1 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے، 81 ماہ کے بعد پہلی بار مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر آ چکی ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ (سی پی آئی)4.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 4.9ا ور گزشتہ سال دسمبر میں 29.7 فیصد تھا، شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ دسمبر میں 4.4 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 5.2 فیصد اور دسمبر 2023 میں 30.9 فیصد تھا۔ دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ دسمبر میں 3.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 4.3 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 27.9 فیصد تھا۔

صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ(ایس پی آئی) دسمبر میں 4.2 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 7.3 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 35.3 فیصد تھا۔ ہول سیل پر ائس انڈیکس دسمبر میں 1.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 2.3 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 27.3 فیصد تھا۔شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر دسمبر میں 8.1 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 8.9 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 18.2 فیصد تھا۔ دیہی علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر دسمبر میں 10.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں 7.5 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 25.1 فیصد تھا۔

دسمبر میں چکن کی قیمت میں ماہانہ بنیادوں پر 13.06 فیصد ، دال چنا 6.94 فیصد، پیاز 4.91 فیصد،ٹماٹر 3.28 فیصد، مصالحہ جات 2.60 فیصد، دال ماش 2.59 فیصد، بیسن 2.55 فیصد، تازہ سبزیاں 2.27 فیصد،آٹا 0.99 فیصد، دال مسور 0.75 فیصد، چاول 0.50 فیصد اور گندم سے بنی مصنوعات کی قیمت میں 0.36 فیصد کی کمی ہوئی۔اسی طرح بجلی کے نرخوں میں 5.68 فیصد اور تعمیراتی سامان کی قیمت میں 0.06 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ اس کے برعکس آلو کی قیمت میں 12.42 فیصد، تازہ پھل 8.84 فیصد، بناسپتی گھی 5.42 فیصد

کوکنگ آئل 4.39 فیصد، سرسوں کا تیل 2.96 فیصد، شہد2.69 فیصد ، چینی 2 فیصد، مچھلی 1.82 فیصد، انڈے 1.01 فیصد، گوشت 0.81 فیصد،لوبیا 0.56 فیصد، ڈرائی فروٹس 0.32 فیصد، مشروبات 0.23 فیصد، دال مونگ 0.20 فیصد، دودھ سے بنی مصنوعات 0.05 فیصد اور تازہ دودھ کی قیمت میں 0.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔