اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کا ازالہ موثر اور شفاف انداز میں ہونا چاہیے، کھلی کچہریوں کا انقعاد آئیسکو کے صارف دوست اقدامات کا آئینہ دار ہے، کسی بھی پبلک یوٹیلٹی کمپنی کی اہم ترین ذمہ داری اس کے معزز صارفین کو معیاری اور بروقت سروسز کی فراہمی ہے اور اسی نظریے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آئیسکو کے تمام آپریشن ایس ڈی او دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجر خان سب ڈویژن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر وہ کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے صارفین سے ملے ان کے مسائل دریافت کئے اور انھیں فوری طور پر حل کروانے کے احکامات جاری کئے۔ محمد نعیم جان نے آئیسکو افسران و سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطمئن صارف ہماری پہچان ہے، صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل فوری حل کرنا ہماری پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود آئیسکو کی حقیقی معنوں میں ایک کسٹمر فرینڈلی کمپنی کی صورت میں تشکیل نو چاہتے ہیں جہاں صارفین اور ادارے کے مابین بہترین سروسز کی بنیاد پر دوستانہ اور اعتماد کا رشتہ قائم ہو۔ انہوں نے کھلی کچہریوں کے دوران صارفین کے بیٹھنے کے لئے صاف اور ھوا دار جگہ اور پینے کے لئے صاف پانی فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔