چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے جدید ہیلپ لائن سروس 118صارفین کی خدمت کیلئے 24گھنٹے کوشاں ہے
صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ہیلپ لائن سروس نمایاں قدم ہے،چیف ایگزیکٹو

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے جدید ہیلپ لائن سروس 118صارفین کی خدمت کیلئے 24گھنٹے کوشاں ہے۔حکومت پاکستان کا یہ اقدام“اُڑان پاکستان”ویژن کے تحت ایک جدید، شفاف، بااعتماد اور عوام دوست پاور سیکٹر کے قیام کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق انجینئر محمد عامرنے بتایا کہ جدید 118سروس میں صارفین کی سہولت کیلئے زبان کی تبدیلی،موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت کے ٹکٹ آئی ڈی کی وصولی اورشکایت کے ازالہ کی صورت میں فیڈبیک میسج کی سہولت شامل ہے جبکہ صارف کی شکایت فوری طور پر متعلقہ ایس ڈی او،ٹیلی فون اٹینڈینٹ کلرک(TAC) اور فیسکو ہیڈکوارٹرز کے مرکزی شکایات سیل کے پورٹل پرخودکار طریقے سے بیک وقت بھیجی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید سہولت کا بنیادی مقصد بجلی صارفین کو ایک مرکزی اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ بجلی کی بندش،وولٹیج میں کمی، اوور بلنگ، میٹر میں خرابی سے متعلق مسائل، نئے کنکشن، تکنیکی خرابیوں،بجلی چوری کی اطلاع،بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں پر فالٹ،بجلی کی تاروں میں آتشزدگی،ٹرانسفارمر کی خرابی اور دیگر شکایات صرف ایک فون کال کے ذریعے درج کراسکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ہیلپ لائن 118 کے ذریعے صارفین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملی ہے اور شکایات کے اندراج، ٹریکنگ اور بروقت ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس نہ صرف شکایات کے اندراج کو آسان بنارہی ہے بلکہ ایک شفاف اور منظم نگرانی کے نظام کے تحت ان شکایات کی مؤثر مانیٹرنگ بھی ممکن ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن 118 پاور سیکٹر میں اعتماد سازی، بہتر سروس ڈیلیوری اور صارفین کے مسائل کے فوری حل میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔علاوہ ازیں ،صارفین 8118پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اپنی شکایات کا اندراج کراسکتے ہیں۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں تمام سب ڈویژنوں پر کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جن پرٹیکنیکل اور کمرشل شکایات کے اندراج کا سسٹم مکمل طورپر فعال ہے،تمام سب ڈویژنوں پر عملے کو جدیدکمپیوٹرز،لیپ ٹاپ اور موبائل فراہم کردیئے ہیں تاکہ ان جدیدآلات سے مزین کسٹمرسروس سنٹرز پر صارفین کو شکایات کے ازالے کی مکمل اپ ڈیٹ فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہیلپ لائن 118پر رابطہ کریں۔
انہوں نے تمام آپریشن سرکلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جدیدہیلپ لائن سروس 118کی سہولیات سے متعلق اپنے اپنے علاقوں میں اس کی مکمل تشہیر کریں تاکہ صارفین اپنی شکایات کا فوری اندراج کروا کر اس کا ازالہ کرواسکیں۔








