اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہاہے کہ صارفین کے اعتماد میں سالانہ بنیادوں پر مضبوط بحالی آمدنی سے متعلق بڑھتی ہوئی پرامیدی کا نتیجہ ہے۔جمعرات کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ’ ایکس‘ پر جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کیلیے ڈی اینڈ بی پاکستان اور گیلپ پاکستان کے سروے کے حوالہ سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صارفین کے اعتماد میں سالانہ …
صارفین کے اعتماد میں سالانہ بنیادوں پر مضبوط بحالی آمدنی سے متعلق بڑھتی ہوئی پرامیدی کانتیجہ ہے، خرم شہزاد
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزاد نے کہاہے کہ صارفین کے اعتماد میں سالانہ بنیادوں پر مضبوط بحالی آمدنی سے متعلق بڑھتی ہوئی پرامیدی کا نتیجہ ہے۔جمعرات کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ’ ایکس‘ پر جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کیلیے ڈی اینڈ بی پاکستان اور گیلپ پاکستان کے سروے کے حوالہ سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صارفین کے اعتماد میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں بہتری کا رجحان برقرار ہے۔صارفین کے مجموعی اعتماد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے پیوستہ سال کی کم ترین سطح سے واضح بحالی کی تصدیق ہورہی ہے۔
سروے کے مطابق مستقبل کے حوالے سے صارفین کے مجموعی اعتمادکا اشاریہ مضبوط ہے۔ فیوچر کانفیڈنس انڈیکس 98.2 پوائنٹس ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے کہ صارفین مجموعی طور پر حالات میں بگاڑ کے بجائے استحکام کی توقع کر رہے ہیں۔ سروے کے مطابق 62 فیصد افراد کو امید ہے کہ آئندہ چھ ماہ میں ان کی گھریلو مالی صورتحال بہتر ہو گی یا کم از کم موجودہ سطح پر برقرار رہے گی، جس کے باعث گھریلو مالی اشاریہ غیر جانبدار سطح سے اوپر ہے۔ آمدنی سے متعلق توقعات بھی بدستور مثبت رہیں۔ تقریباً 63 فیصد جواب دہندگان کے مطابق آنے والے ایک سال کے دوران ان کی گھریلو آمدنی میں اضافہ ہو گا یا وہ مستحکم رہے گی، جبکہ آمدنی کا اشاریہ مجموعی طور پر خوش آئند رجحان کی نشاندہی کررہاہے۔
سروے میں نوجوانوں کی خوش امیدی خاص طور پر نمایاں رہی۔ نوجوان رائے دہندگان مستقبل میں آمدنی کے امکانات کے حوالے سے سب سے زیادہ پُرامید نظر آئے، جو درمیانی مدت میں طلب اور معاشی بحالی کے تسلسل کے لیے مثبت اشارہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر مہنگائی میں مسلسل کمی برقرار رہی اور روزگار کے حوالے سے ٹھوس اقدامات نظر آئے تو اس سے خاندانوں کی معاشی صورتحال کے حوالہ سے موجود خوش بینی کو زیادہ مضبوط اعتماد، بہتر بچت کی صلاحیت اور آئندہ ادوار میں کھپت میں اضافے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔









