کوئٹہ۔ 19 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت بلوچستان میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد سے متعلق جمعہ کو یہاں سی ایم سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی انتظامی سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور پوليس حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں صوبے میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر سیکورٹی تعیناتی،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور انتخابی سامان کی بروقت ترسیل سے متعلق اہم فیصلےکئے گئے۔
اجلاس کے شرکاء کو چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم ، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ نگران وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے ابتک اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے،
حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر آٹھ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے، انتخابات میں حسب الطلب پولیس اور لیویز اہلکاروں کی تعیناتی کے لئے نفری کا انتظام کیا جارہا ہے ،الیکشن ڈیوٹی کے لئے ریٹائرڈ سیکورٹی اہکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، دور دراز اور ناقابل رسائی علاقوں میں الیکشن مواد و سامان کی ترسیل ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوگی جبکہ زیارت اور سرد علاقوں میں ممکنہ برف باری کی صورت میں بھاری مشینری متعلقہ ڈسٹرکٹس میں موجود ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ قیام امن کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے،سیکورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تجویز کردہ اقدامات پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے قبل از الیکشن امیدواروں اور عوام کے تمام تر تحفظات کا فوری ازالہ کرکے ایسا سازگار ماحول قائم کیا جائے جس میں عوام بلا خوف و خطر اپنا ووٹ دے سکیں ،لوگوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل اور شکایات فوری طور پر حل کی جائیں ۔